ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام لنگا ریڈی کو مناسب مقام دیا جائے گا: وینو گوپال

رام لنگا ریڈی کو مناسب مقام دیا جائے گا: وینو گوپال

Thu, 27 Dec 2018 11:03:20    S.O. News Service

بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے سابق وزیر رام لنگا ریڈی کو کانگریس میں مناسب مقام اور مرتبہ دلانے کا تیقن دیا ۔آج صبح شہر کے کمار کروپا گیسٹ ہاؤز میں میئر گنگامبیکے ، سابق میئرس منجوناتھ ریڈی اور پدماوتی سمیت دیگر کارپوریٹروں سے ملاقات کے دوران وینو گوپال نے یہ تیقن دیا کہ رام لنگا ریڈی کے ساتھ وزارت کی توسیع کے مرحلے میں جو ناانصافی ہوئی ہے اسے مناسب طریقے سے پورا کیا جائے گا۔ وینو گوپال سے ملاقات کے بعد سابق میئر منجوناتھ ریڈی نے کہاکہ اعلیٰ کمان کی یقین دہانی پر انہیں اعتماد ہے اور توقع ہے کہ رام لنگا ریڈی کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے اسے جلد از جلد دور کیا جائے گا۔ منجوناتھ ریڈی نے کہاکہ ریاست کے سینئر رہنما رام لنگا ریڈی کو کابینی توسیع کے دوران نظر انداز کرنا ان کی توہین کے مترادف ہے۔ خاص طور پر بی بی ایم پی کے اقتدار پر کانگریس کے قابض ہونے میں رام لنگا ریڈی کا رول انتہائی فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہے، اسی لئے ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہئے۔ شروع سے ہی ایک وفادار کانگریسی کے طور پر انہوں نے کام کیا ہے، کانگریس اعلیٰ کمان ان کے ساتھ ہوئی ناانصافی کا ازالہ کرے۔ وینو گوپال کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ رام لنگا ریڈی کو نظر انداز کئے جانے سے شہر کے کانگریس کارکنوں کو کافی دکھ ہوا ہے۔ اس مرحلے میں وینو گوپال نے کہاکہ کابینہ کی توسیع کے مرحلے میں ناگزیر وجوہات کے سبب رام لنگا ریڈی کو شامل نہیں کیاگیا، فی الوقت کابینہ میں انہیں کوئی مقام دینا ناممکن ہے۔آنے والے دنوں میں مناسب نمائندگی ضرور دی جائے گی۔ 


Share: